تھرپارکر،پیپلز پارٹی کی یومِ تاسیس کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس، نوجوانوں کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کا فیصلہ

مٹھی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے)یوم تاسیس کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی ضلع تھرپارکر کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ضلعی صدر ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو کی زیر صدارت ضلع کونسل ہال مٹھی میں منعقد ہوا۔ جس میں ڈویژن میرپورخاص کے صدر اور ایم این اے ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارٹی کے 58ویں یوم تاسیس کے موقع پر ضلع تھرپارکر سمیت پورے میرپورخاص ڈویژن کے ہر ضلع سے نوجوانوں کی بڑی تعداد کی شرکت کو یقینی بنایا جائے تاکہ پروگرام کو مکمل طور پر کامیاب بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ میرپورخاص ڈویژن نے ہمیشہ پارٹی کے ہر حکم پر لبیک کہا ہے اور اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھاتے رہیں گے۔

انہوں نے پارٹی عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ یوسی اور وارڈ کی سطح پر تنظیم سازی مکمل کریں اور پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جدوجہد تیز کریں۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے گزشتہ روز ایک بھارتی وزیر کی جانب سے پاکستان کے خلاف دیے گئے غیر ضروری اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کی بھی شدید مذمت کی۔

اجلاس کے اختتام پر بھارتی وزیر کی جانب سے پاکستان کے خلاف اختیار کیے گئے رویے کے خلاف مذمتی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

میٹنگ میں ایم پی اے قاسم سراج سومرو، ضلع جنرل سکریٹری سشیل کمار ملانی، ضلعی انفارمیشن سکریٹری ویرجی کولہی، پارٹی کے ضلع، تعلقہ اور ذیلی ونگ کے عہدیداران، ٹاؤن چیرمین، یوسی چیرمین اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ملاقات میں یوم تاسیس کے حوالے سے انتظامی اور تنظیمی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے حکمت عملی مرتب کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button