ماڈل بازار کا قیام وزیر اعلیٰ مریم نواز کے وژن کا عملی مظاہرہ ہے،کمشنر سرگودھا

سرگودہا(نامہ نگار)کمشنر جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کے ہمراہ خوشاب روڈ پر حال ہی میں فعال کیے گئے ماڈل ڑیڑھی بازار کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے صفائی ستھرائی اور شہری سہولتوں کا جائزہ لیا۔ کمشنر سرگودہا نے کہا کہ ماڈل بازار کا قیام وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کا عملی مظاہرہ ہے۔ اس منصوبے کا مقصد شہر میں بے ترتیب ڑیڑھیوں کی موجودگی کو کم کرنا، ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا اور شہریوں کو ایک جگہ پر خریداری کی سہولت فراہم کرنا ہے،جہاں تمام اشیاء مقررہ نرخوں پر دستیاب ہوں۔بازار میں موجود ریڑھی بانوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ماڈل بازار نے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ صارفین کے لیے خوشگوار اور محفوظ ماحول فراہم کیا ہے۔ کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بازار کی فعالیت برقرار رکھی جائے اور تمام سہولیات باقاعدگی سے فعال رہیں تاکہ شہری اور تاجر دونوں کے لیے سہولتیں دستیاب رہیں۔



