15دسمبرسے19دسمبر2025ءتک پولیو کیخلاف مہم شروع ہوگی،ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ

ھالا(رپورٹ:امجد راجپوت/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)ضلع مٹیاری میں15دسمبر سے19دسمبر 2025ء تک پولیو کے خلاف مہم شروع کی جا رہی ہے، جس کے دوران ضلع کے تینوں تعلقوں میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 82 ہزار 850 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے 604 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 37 مقررہ ٹیمیں، 545 گشتی ٹیمیں اور ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر 22 ٹیمیں شامل ہیں۔ مہم کی مؤثر نگرانی کے لیے 21 یو سی میڈیکل آفیسرز اور 124 ایریا انچارج بھی مقرر کیے گئے ہیں۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ کی صدارت میں ڈی سی آفس کے لطیف ہال میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو اقراء جنّت، ڈی ایچ او مٹیاری ڈاکٹر آصف حسین شاہ، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبد الستار شیخ، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظاہر، اسسٹنٹ کمشنر سعیدآباد عبدالشکور سولنگی، ایڈیشنل ڈی ایچ او ڈاکٹر نذیر ملاح، محکمہ صحت کے افسران، پی پی ایچ آئی کے نمائندے، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، پولیس اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کہا کہ پولیو کو معمولی بیماری سمجھنا بہت بڑی غلطی ہے۔ پولیو ایک ایسا موذی مرض ہے جو بچے کو پوری زندگی کے لیے معذور بنا کر والدین کا محتاج کر دیتا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کا واحد حل ہر بچے کو اس کے حفاظتی قطرے پلانا ہے، اس لیے والدین اور ہر ذمہ دار شہری کا فرض ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ اس مہم کو سو فیصد کامیاب بنایا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پولیو مہم کے دوران ذمہ داریوں میں کسی قسم کی کوتاہی، غفلت یا غیر حاضری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر کوئی پولیو ورکر اپنا کام درست طریقے سے انجام نہیں دے گا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں پولیس اہم مقامات پر نگرانی کرے گی اور ان علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی جہاں پہلے پولیو سے انکار کے واقعات سامنے آ چکے ہیں، تاکہ اس اہم مہم کو مکمل طور پر کامیاب بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button