تھرپارکر میں پولیو خلاف مہم : 3 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا پلان: مل کر کام کریں گے: ڈی سی
15- دسمبر سے پولیو مھم شروع، 3 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے

مٹھی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگيراڻي نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے تھرپارکر میں سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ پولیو مہم کی نگرانی یونین کونسل سطح تک کی جائے گی۔ پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع تھرپارکر میں 15 دسمبر 2025 سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کی مؤثر نگرانی یونین کونسل سطح تک کی جائے گی تاکہ معصوم بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران تھرپارکر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، جس کے لیے داخلی و خارجی چیک پوسٹوں پر پولیس اہلکار اور پولیو ورکر تعینات کیے گئے ہیں جو دن رات اپنی خدمات انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم میں سو فیصد کامیابی کے لیے ہم سب کو مل کر محنت کرنی ہوگی۔ انہوں نے تمام سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ ضلع کے تمام سرکاری ادارے اس قومی مہم میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ مکمل کامیابی یقینی بنائی جا سکے۔ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کے تحت یونین کونسل سطح پر نگرانی کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر ليکراج سارنگاني نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت تھرپارکر کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ تھرپارکر میں پانچ سال تک کی عمر کے 3 لاکھ 12 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے 1251 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ضلع بھر میں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون لیاقت علی بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو تھرپارکر پرتھیو راج، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکار، ریونیو، تعلیم، پولیس، لوکل گورنمنٹ، سوشل ویلفیئر، تھر فاؤنڈیشن اور محکمہ صحت تھرپارکر کے تمام متعلقہ افسران موجود تھے۔



