شہداد کوٹ:دھان کی کم قیمت کے معاملے پر جے یو آئی کا کسانوں کے ساتھ ملکر احتجاج

شہدادکوٹ(جانوڈاٹ پی کے)لاڑکانہ میں جمعيت علماء اسلام کی جانب سے سندھ کے کاشتکاروں اور کسانوں کو دھان کی فصل کی مناسب قیمت نہ ملنے، غیر قانونی کٹوتیوں اور معاشی استحصال کے خلاف ضلعی امیر علامہ ناصر خالد محمود سومرو کی زیرقیادت دودائی روڈ سے باغ جناح چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں محبت علی کھڑو، طاہر خالد محمود سومرو، مولانا محمد الیاس چنہ، مولانا محفوظ الرحمٰن سومرو، مولانا نصیر احمد بھٹو، طارق حسین سومرو، بشیر احمد بھٹی، مولانا حمید اللہ سیال سمیت بڑی تعداد میں کسانوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز تھے جن پر ”ہاری کو اس کا حق دو“، ”ہمیں محنت کا معاوضہ دو“ جیسے نعرے درج تھے۔
احتجاجی ریلی سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ ناصر خالد محمود سومرو نے کہا کہ پورے سندھ میں جے یو آئی سندھ کے حکم پر کسانوں سے یکجہتی کے اظہار کے لیے احتجاج کیا جا رہا ہے۔ سندھ کے 90 فیصد لوگوں کا گزارہ زراعت پر ہے، مگر گزشتہ دو سال سے دھان اور گندم کے ریٹ کو سازش کے تحت کم اور ختم کیا جا رہا ہے، جو سندھ کے کسانوں کو تباہ کرنے کی سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں گندم اور دھان کا ریٹ 2200 روپے من ہے جبکہ گندم اور چاول 10 ہزار روپے من اور کھاد کی بوری 15 ہزار روپے ہے، اس لیے 2200 روپے کے ریٹ سے کسانوں کی زمینوں کا خرچہ بھی نہیں نکلتا۔ اگر گندم اور دھان کا بہتر ریٹ مقرر نہ کیا گیا تو جے یو آئی وزیراعلیٰ ہاؤس یا سندھ اسمبلی جانے سے نہیں ہچکچائے گی.



