اپوزیشن کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کاحتمی فیصلہ،لمبی تحریک کی پلاننگ ہوگئی
پاکستان پر بغیر الیکشن کے بد بخت ٹولہ قابض ہوا ہے،محمود خان اچکزئی

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے27ویں ترمیم کیخلاف حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا،اپوزیشن اتحاد نے تحریک چلانے کی بھی دھمکی دے دی۔
محمود اچکزئی،نامزد اپوزیشن لیڈر سینٹ ناصرعباس، مصطفی نواز کھوکھراور دیگر رہنماؤں نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ چھٹی کے دن آئین پر حملہ کیا گیا،پاکستان کے بنیادوں پر حملہ ہوا ہے یہ بھی9/11 ہے،ہم سب کچھ جانتے ہوئے اپنے ارادے سے یہاں آئے ہیں،پاکستان پر بغیر الیکشن کے بد بخت ٹولہ قابض ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس ملک سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، مجھ سے 5 دفعہ ملک کی آئین کی دفاع کا حلف لیا گیا، جھوٹے پروپیگنڈے کئے جارہے ہیں عوام کو غلط تاثر دیا جاتا ہے، افغانستان سے خونی، قبائلی اور لسانی رشتہ ہے۔
چیئرمین تحریک تحفظ آئین محمود اچکزئی نے تحریک چلانے اور پارلیمنٹ نہ چلنے دینے کا اعلان کیا اور کہا آج سے تحریک شروع ہے، فرد کی مضبوطی پاکستان کو نہیں بچائے گی، سب کو خبردار کرتے ہیں یہ حملہ ملک کی بنیادوں پر حملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو چلنے نہیں دیا جائے گا،سکول کے بچے اپنے حقوق کیلئے نکلیں گے تو آپ گولیاں چلائیں گے؟ تحریک لبیک سے اختلاف ہوسکتا یے لیکن گولیاں کیوں چلائی؟آج رات ساڑھے8بجے سے ہم نے نعرے شروع کرنے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج رات کا نعرہ ” ایسے دستور کو ہم نہیں مانتے ” ہے، عمران کے ساتھی تحریک کا کہہ رہے تھے آج سے تحریک شروع ہے، ہماری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں۔
بعد ازاں تحریک تحفظ آئین پاکستان نے اپنے جاری کردہ اعلامیے میں کہا کہ اسی ہفتے اسلام آباد میں قومی مشاورتی کانفرنس بلائی جائے گی،اس کانفرنس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کیا جائے گا۔
اس میں کہا گیا کہ’27ویں ترمیم کی جعلی منظوری کے اگلے دن ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا، عوام سے اپیل ہوگی سیاہ پٹیاں باندھ کر یوم سیاہ میں شریک ہونگے، وکلاء عدالتوں میں کالی پٹیاں پہن کر اس کے خلاف احتجاج کرینگے‘۔
ہم توقع رکھتے ہیں کہ عدلیہ کے باضمیر جج صاحبان تحفظات کا اظہار کرینگے، پاکستان میں نئے عمرانی معاہدہ لایا جائے، قومی مشاورتی اجلاس کے بعد ملک گیر جلسے جلوسوں کا اعلان کیا جائے گا۔



