سینیٹ میں حکومت نے نیب قانون میں ترمیم کا بل واپس لے لیا،CDAاور فیڈرل پراسیکیوشن بل منظور

اپوزیشن لیڈر نہ ہونے پر پی ٹی آئی کا احتجاج،اجلاس مچھلی منڈی کا منظر پیش کرتا رہا

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)سینیٹ کے اجلاس میں حکومت نے نیب قانون میں ترمیم کے بل کو مزید غور کے لیے واپس لے لیاجبکہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) ترمیمی بل 2025 اور فیڈرل پراسیکیوشن سروس ترمیمی بل 2025 کو منظور کر لیا گیا۔اجلاس پریزائیڈنگ افسر سینیٹر منظور کاکڑ کی زیر صدارت ہوا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ نیب قانون میں ترمیم کے بل پر مزید غور ضروری ہے، اسی لیے اسے واپس لیا گیا۔ ایوان نے CDA اور فیڈرل پراسیکیوشن سروس کے بلز کی منظوری دی۔

اجلاس کے دوران سینیٹر اعظم سواتی نے اپوزیشن لیڈر کی غیر موجودگی پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے بغیر ایوان نامکمل ہے۔ وزیر قانون نے وضاحت دی کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی صوابدید پر ہے اور چیئرمین کی واپسی پر عمل مکمل ہوگا۔

پی ٹی آئی کے ارکان نے سینیٹر ایمل ولی کو فلور دینے پر احتجاج کیا اور سینیٹر فیصل جاوید کی بجائے ان کا نام لینے پر تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران ایوان میں ہلچل اور احتجاج کے باعث "مچھلی منڈی” جیسا منظر دیکھنے میں آیا۔ اپوزیشن نے کورم کی نشاندہی کی، تاہم اجلاس کی کارروائی جاری رہی۔

سینیٹ کا اجلاس ہفتہ کی صبح ساڑھے 11بجے تک ملتوی کر دیا گیا

مزید خبریں

Back to top button