فلم "لو گرو” کی باکس آفس پر دھوم، 16 روز میں 70 کروڑ روپے کا ریکارڈ بزنس
ابتدائی تین دنوں میں فلم نے 15 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی

کراچی (ویب ڈیسک) عید الاضحیٰ پر 6 جون کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی میگا بجٹ فلم "لو گرو” نے ریلیز کے صرف 16 روز میں 70 کروڑ روپے کا ریکارڈ بزنس کرکے نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
فلم میں مرکزی کردار اداکار ہمایوں سعید اور اداکارہ ماہرہ خان نے نبھائے ہیں۔ ابتدائی تین دنوں میں فلم نے 15 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی جبکہ اب 16 روز بعد یہ کمائی 70 کروڑ تک جا پہنچی ہے۔ اس فلم نے اپنے بجٹ سے تین گنا زیادہ آمدنی حاصل کر کے ایک نیا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
پاکستان میں فلم نے سب سے زیادہ بزنس کیا ہے۔ 22 جون تک کی دستیاب معلومات کے مطابق "لو گرو” نے پاکستان میں 37 کروڑ روپے اور بیرون ملک سے 33 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔ بیرون ملک سب سے زیادہ بزنس برطانیہ سے حاصل ہوا جہاں فلم نے بھارتی فلم "ہاؤس فل 5” کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
برطانیہ میں فلم "لو گرو” نے صرف 9 دنوں میں 75 ہزار پاؤنڈز کمائے۔ فلم کی مجموعی عالمی کمائی 70 کروڑ روپے ہو چکی ہے اور اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ فلم جلد 100 کروڑ کے ہدف کو بھی عبور کر سکتی ہے۔
تشہیری مہم کے دوران ہمایوں سعید نے بتایا تھا کہ فلم کی تیاری پر 25 کروڑ روپے لاگت آئی ہے اور انہیں توقع ہے کہ فلم 50 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرے گی۔ تاہم فلم نے اس ہدف کو بھی عبور کر لیا ہے اور پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک مثبت مثال بن کر سامنے آئی ہے۔



