بچپن میں ایشان کی دیکھ بھال کرتا تھا، اب بڑھاپے میں وہ میری دیکھ بھال کرے گا،شاہد کپور

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکار شاہد کپور نے اپنے چھوٹے بھائی ایشان کھیتر کے بچپن کی ایک دلچسپ یاد شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میں بچپن میں اپنے بھائی کے ڈائپرز تبدیل کرتا تھا۔

شاہد کپور جلد ہی اپنے بھائی ایشان کھیتر اور اہلیہ میرا راجپوت کے ہمراہ ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ میں دکھائی دیں گے، جس کی خصوصی قسط دیوالی کے موقع پر نشر کی جائے گی۔

شو میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد نے بتایا ہے کہ جب ایشان چھوٹے تھے تو میں ان کی دیکھ بھال کرتا اور ان کے ڈائپرز تبدیل کیا کرتا تھا۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا ہے کہ اب ایشان نے وعدہ کیا ہے کہ بڑھاپے میں وہ میرے ڈائپرز تبدیل کریں گے۔

شاہد کے اس دلچسپ انکشاف پر شو میں موجود افراد بھی محظوظ ہوئے۔

 پرومو میں دونوں بھائیوں کو فلمی گانے ’زنگاٹ‘ پر رقص کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

گفتگو کے دوران شاہد نے اپنی 2016ء کی فلم ’اڑتا پنجاب‘ پر اہلیہ میرا راجپوت کے ردِعمل کا بھی ذکر کیا۔

 اداکار کے مطابق فلم کی ریلیز سے قبل جب میرا نے ایڈیٹنگ روم میں میرے ساتھ فلم دیکھی تو اختتام پر وہ صوفے کے دوسری جانب جا بیٹھیں۔

شو کے میزبان کپل شرما نے شاہد کے فلمی کرداروں، خصوصاً ’کبیر سنگھ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے میرا سے شادی کے فیصلے پر مزاحیہ تبصرہ بھی کیا۔

اس موقع پر میرا راجپوت نے شاہد کے بطور والد رویے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بچوں کو بہت لاڈ پیار کرتے ہیں، لیکن یہ منفی انداز میں نہیں ہے۔

واضح رہے کہ شاہد کپور اور میرا راجپوت کی شادی 2015ء میں ہوئی تھی، دونوں کے ہاں 2016ء میں بیٹی میشا جبکہ ستمبر 2018ء میں بیٹے زین کی پیدائش ہوئی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button