مادھوری ڈکشٹ کے شوہر ڈاکٹر نینے نے 27 سالہ کامیاب ازدواجی زندگی کا راز بتا دیا

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کے شوہر ڈاکٹر شری رام نینے نے شادی کے 27 سال کامیابی سے گزارنے کا راز بتا دیا۔

بمبئی ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان برابری، باہمی احترام اور ایک دوسرے کا ساتھ ازدواجی زندگی کو مضبوط بناتے ہیں۔

59 سالہ ڈاکٹر شری رام نینے نے 1999ء میں مادھوری ڈکشٹ سے شادی کی تھی۔

انہوں نے اپنی کتاب ’21 ڈیز ٹو گڈ ہیلتھ‘ کی تقریبِ رونمائی کے موقع پر اپنی ازدواجی زندگی اور ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی پر گفتگو کی۔

ڈاکٹر نینے نے کہا ہے کہ میں اور مادھوری خوش قسمت ہیں کہ دونوں کی سوچ، کھانے پینے کی عادات اور طرزِ زندگی ایک دوسرے سے کافی حد تک مطابقت رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہماری شادی روایتی مردانہ بالادستی کے تصور پر مبنی نہیں بلکہ دونوں ایک دوسرے کے برابر کے شریک ہیں، خاندان میں کسی ایک کو سربراہ اور دوسرے کو اس کا تابع سمجھنے کے بجائے ہر معاملے میں ذمے داریاں اور اختیارات برابر تقسیم کیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر نینے کے مطابق ایک دوسرے کا احترام کرنا اور مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہنا کامیاب ازدواجی زندگی کے لیے سب سے اہم ہے، دونوں اپنی اپنی ذمے داریاں خود سنبھالتے ہیں اور ایک دوسرے کے معاملات میں غیر ضروری مداخلت نہیں کرتے۔

واضح رہے کہ مادھوری ڈکشٹ نے اکتوبر 1999ء میں ڈاکٹر شری رام نینے سے شادی کے بعد اپنے عروج پر پہنچے فلمی کیریئر کو عارضی طور پر خیرباد کہہ دیا تھا اور امریکا منتقل ہو گئی تھیں۔

اداکارہ نے 8 سال کے وقفے کے بعد 2007ء میں فلم ’آ جا نچلے‘ سے بالی ووڈ میں واپسی کی، مادھوری حال ہی میں فلم ’ماں بہن‘ میں بھی نظر آئی تھیں، دونوں نے رواں ماہ اپنی شادی کی 27 ویں سالگرہ بھی منائی۔

مزید خبریں

Back to top button