سلمان خان اور سنجے دت فلم’’کھلنائیک ریٹرنز‘‘میں ایک ساتھ نظر آنے کا امکان

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان، ایکشن ہیرو سنجے دت کے ساتھ فلم کھلنائیک ریٹرنز میں ایک بار پھر اسکرین پر نظر آ سکتے ہیں۔ یہ فلم 1993 میں ریلیز ہونے والی فلم کھلنائیک کا سیکوئیل ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم ساز سبھاش گھئی اور ان کی مصنفین کی ٹیم سلمان خان کو ذہن میں رکھتے ہوئے ایک پولیس افسر کا کردار تیار کر رہے ہیں۔ تاہم فلم میں سلمان خان کی شمولیت کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی کیونکہ فلم ابھی کہانی اور اسکرپٹ کی تیاری کے مرحلے میں ہے۔

سبھاش گھئی کی ہدایت کاری میں بننے والی اصل کھلنائیک میں سنجے دت نے بلو کا کردار ادا کیا تھا، جبکہ جیکی شروف اور مادھوری ڈکشٹ نے بھی اہم کردار نبھائے تھے۔ یہ فلم بعد ازاں ایک مقبول کلاسک بن گئی۔ اب اس کے سیکوئیل پر کام جاری ہے، جس میں توقع کی جا رہی ہے کہ سنجے دت ایک بار پھر اپنی کہانی کو آگے بڑھائیں گے۔

بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق سبھاش گھئی کی رائٹرز کی ٹیم ایک ایسے کردار پر کام کر رہی جو ایک مددگار پولیس افسر کا کردار ہے۔

ایک اندرونی ذرائع کے مطابق یہ کردار فلم کی کہانی پر اثر انداز ہوتا ہے۔ خیال یہ ہے کہ ایک نیک دل اور دوسروں کی مدد کرنے والا پولیس افسر سنجے کے کردار کی مدد کرے گا۔ تاہم ابھی کاسٹنگ حتمی نہیں ہوئی کیونکہ اسکرپٹ پر کام جاری ہے۔

اگرچہ دونوں اداکاروں کے ایک ساتھ اسکرین پر نظر آنے کے امکان نے مداحوں کی دلچسپی بڑھا دی ہے، لیکن سلمان خان کی شمولیت کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی۔ توقع ہے کہ اسکرین پلے مکمل ہونے کے بعد فلم ساز کاسٹنگ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔

کاسٹنگ سے متعلق خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے سبھاش گھئی نے میڈیا گفتگو میں کہا کہ اس بارے میں کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا۔ اسکرپٹ پر کام جاری ہے اور جب مکمل اسکرپٹ تیار ہو جائے گا تو ہمیں صورت حال کا اندازہ ہو جائے گا۔

اگر سلمان خان اس فلم کا حصہ بنتے ہیں تو کھلنائیک ریٹرنز، 2008 میں ریلیز ہونے والی فلم یوراج کے بعد سبھاش گھئی کے ساتھ ان کا دوسرا اشتراک ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button