آصفہ بھٹو زرداری کابی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز کادورہ،مستحقین کی شکایات کے ازالے کا نظام مؤثر بنانے کی ہدایت

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ان کی زیرِ صدارت اجلاس میں پروگرام کے مختلف اقدامات، مستحق خاندانوں کی معاونت اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

آصفہ بھٹو زرداری نے خواتین کو بااختیار بنانے اور مستحق خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے میں بی آئی ایس پی کے کردار کو سراہتے ہوئے پروگرام کے اقدامات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

خاتونِ اول نے مالیاتی آگاہی اور عوامی شعور میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ مستحقین کی شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ انہیں درپیش مسائل بروقت حل ہوسکیں۔

انہوں نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کے تعاون سے بی آئی ایس پی کی خدمات مستحق افراد تک پہنچانے کی تجویز بھی پیش کی، تاکہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند خاندان پروگرام سے مستفید ہوسکیں۔

اجلاس میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد نے بتایا کہ پروگرام کے تحت خرچ ہونے والا ہر ایک روپیہ 2 روپے 34 پیسے کی حقیقی آمدن پیدا کرتا ہے۔ ان کے مطابق بی آئی ایس پی سے منسلک معاشی سرگرمیوں کے نتیجے میں قومی خزانے کو سالانہ 174 ارب روپے حاصل ہونے کا تخمینہ ہے۔

روبینہ خالد نے مزید بتایا کہ بینظیر ہنرمند پروگرام کے تحت 50 ہزار سے زائد افراد کو فنی تربیت فراہم کرنے کے لیے رجسٹر کیا جاچکا ہے۔ اس پروگرام میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، مہمان نوازی اور تعمیرات سمیت مختلف شعبوں میں تربیت دی جا رہی ہے، جس کا مقصد مستحق افراد کے لیے روزگار اور معاشی خودمختاری کے مواقع بڑھانا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button