پاکستان اور سعودی عرب کا ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تعلیمی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک سے سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے سعودی سفیر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ ملاقات میں صنعت، توانائی، ٹیکنالوجی اور کاروباری ترقی کے شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب میں وژن 2030 کے تحت ہونے والی معاشی اور سماجی تبدیلیاں قابلِ تحسین ہیں۔ ان کے مطابق سعودی اصلاحات نے کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔

ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان قدرتی وسائل، معدنی دولت اور نوجوان افرادی قوت سے مالا مال ہے، جن سے استفادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کو مزید وسعت دی جاسکتی ہے۔

سعودی سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور مہارتوں کے ذریعے بااختیار بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان صنعتی شعبے اور تعلیمی اداروں کے روابط مضبوط بنانے اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے دوطرفہ تعاون کے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی اور شراکت داری کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے تکنیکی ٹیموں کو فعال کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

مزید خبریں

Back to top button