پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی پیداوار و فروخت کے اعدادوشمار سینیٹ میں پیش، پنجاب سب سے آگے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران ملک میں پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی یومیہ پیداوار اور فروخت کے اعدادوشمار سینیٹ میں پیش کر دیے گئے۔ ایوان میں جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق اس عرصے میں ملک بھر میں پٹرول کی یومیہ پیداوار 7 ہزار 35 میٹرک ٹن جبکہ فروخت 21 ہزار 583 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔
اعدادوشمار کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی یومیہ پیداوار 14 ہزار 65 میٹرک ٹن اور فروخت 16 ہزار 866 میٹرک ٹن رہی۔
صوبائی تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پٹرول کی یومیہ پیداوار 4 ہزار 670 میٹرک ٹن اور فروخت 14 ہزار 827 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔ صوبے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار 7 ہزار 608 میٹرک ٹن جبکہ فروخت 10 ہزار 779 میٹرک ٹن رہی۔
سندھ میں پٹرول کی یومیہ پیداوار ایک ہزار 592 میٹرک ٹن اور فروخت 4 ہزار 567 میٹرک ٹن رہی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار 4 ہزار 419 میٹرک ٹن اور فروخت 3 ہزار 662 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔
خیبر پختونخوا میں پٹرول کی یومیہ فروخت 2 ہزار 127 میٹرک ٹن جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت 2 ہزار 355 میٹرک ٹن رہی۔ بلوچستان میں پٹرول کی یومیہ پیداوار 773 میٹرک ٹن اور فروخت 62 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار 2 ہزار 38 میٹرک ٹن اور فروخت 70 میٹرک ٹن رہی۔
تحریری جواب میں سینیٹ کو بتایا گیا کہ ملک میں قائم ریفائنریز مقامی اور درآمدی خام تیل سے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل تیار کرتی ہیں۔



