عبدالعلیم خان کی ایرانی سفیر سے ملاقات، پاک ایران تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

ملاقات کے دوران عبدالعلیم خان نے ایران کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت بھی ان شاء اللہ گزر جائے گا اور ایسے حالات میں اچھے دوست ہی کام آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کے دل ایرانی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ایرانی قیادت کی قربانیوں پر پاکستانی عوام کو بھی دلی دکھ پہنچا ہے۔
وفاقی وزیر نے ایرانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایرانی بہن بھائیوں کی خوشیوں اور پُرسکون زندگی کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے جلد ایران کا دورہ کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی، جس کا ایرانی سفیر نے خیرمقدم کیا۔رضا امیری مقدم نے باہمی مسائل کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی پر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا۔ ایرانی سفیر نے بیرونی جارحیت کے معاملے پر پاکستانی عوام کی حمایت کو سراہتے ہوئے ان کا خراجِ تحسین پیش کیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور دوطرفہ روابط مضبوط بنانے پر بھی اتفاقِ رائے کا اظہار کیا گیا۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ پاک ایران سرحد پر تجارتی سرگرمیوں کا فروغ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔



