امسال پاکستان میں معاشی بحالی کی توقع،وزارتِ خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)وزارتِ خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی، جس میں مالی سال 2026-27 کے دوران پاکستان میں معاشی بحالی کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق زرعی پیداوار میں بہتری معیشت کو سہارا دے سکتی ہے، جبکہ فصلوں کی بہتر پیداوار سے دیہی آمدنی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ اکتوبر 2026 میں مہنگائی کی شرح 9.5 سے 10.5 فیصد کے درمیان رہ سکتی ہے۔ آئندہ مہنگائی کی صورتحال کا انحصار عالمی توانائی کی قیمتوں اور خوراک کی دستیابی پر ہوگا۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق ٹیکس نظام میں بہتری، توانائی کی بچت اور سرکاری اداروں میں اصلاحات سے پائیدار معاشی ترقی میں مدد ملنے کی توقع ہے۔ زرعی پیداوار میں اضافے سے فوڈ پروسیسنگ کی صنعت کو فائدہ پہنچ سکتا ہے، جبکہ تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی اور چند بڑی صنعتوں کی پیداوار بڑھنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مشینری کی درآمد سے ملکی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ بیرونِ ملک سے ترسیلاتِ زر اور خدمات کی برآمدات بڑھنے کی توقع ہے، جس سے ملکی آمدنی اور زرمبادلہ کے ذخائر کو تقویت مل سکتی ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق زرمبادلہ کے مضبوط ذخائر معیشت کو سہارا دے رہے ہیں، جبکہ حکومت کی توجہ ٹیکس وصولی بڑھانے اور سرکاری اخراجات پر قابو رکھنے پر مرکوز ہے۔

مزید خبریں

Back to top button