سندھ حکومت کا ڈگری ہولڈرز کے لیے انٹرن شپ پروگرام نومبر سے شروع کرنے کااعلان

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)سندھ حکومت نے ڈگری ہولڈرز کے لیے انٹرن شپ پروگرام نومبر سے شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کے مطابق نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور ان کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہنرمند افراد کے لیے کمپنیوں کے اشتراک سے فزیکل شارٹ کورسز کا اگلا مرحلہ بھی شروع کیا جائے گا۔ ان کورسز میں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتیں پیدا کرنے پر توجہ دی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے حصول میں مدد مل سکے۔

صوبائی وزیر کے مطابق ’آئی ورک فار سندھ‘ پلیٹ فارم پر اب تک 53 لاکھ سے زائد وزٹس ریکارڈ کی جاچکی ہیں، جبکہ اس وقت پلیٹ فارم پر 26 ہزار 677 فعال ملازمتیں موجود ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران 4 ہزار 800 امیدوار مختلف کورسز مکمل کرچکے ہیں، جبکہ 6 ہزار امیدوار مختلف تربیتی کورسز میں زیرِ تربیت ہیں۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ نوجوانوں کو بہتر مواقع حاصل کرنے کے لیے مناسب پلیٹ فارم بھی میسر ہو۔

مزید خبریں

Back to top button