تھرپارکر ایمبولینس حادثہ: بلاول بھٹو کا نوٹس، جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی خاندان 20 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تھرپارکر کے علاقے ڈانو دھاندھل میں پی پی ایچ آئی کے زیرِ انتظام اسپتال کی ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 9 افراد کے لواحقین کے لیے فی خاندان 20 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے جائیں۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ اگر یہ المناک واقعہ انسانی غفلت یا کسی مجرمانہ فعل کا نتیجہ ثابت ہوتا ہے تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔ انہوں نے تھرپارکر میں مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے موجودہ نظام کا جائزہ لینے اور مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جاں بحق افراد کے ورثا کے لیے فی خاندان 20 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو محکمہ صحت کے ذریعے واقعے کی شفاف انکوائری کرانے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، جبکہ جاں بحق افراد کی آخری رسومات کے انتظامات یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔ سید مراد علی شاہ نے رکن سندھ اسمبلی قاسم سومرو کو نگرپارکر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں اور انتظامی اقدامات کی نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔

مزید خبریں

Back to top button