پاکستانی نژاد اداکار فاران طاہر کی 18 سال بعد مارول میں واپسی، ’ویژن کویسٹ‘ میں پھر ولن بن گئے

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستانی نژاد امریکی اداکار فاران طاہر نے ہالی ووڈ میں ایک بار پھر اپنی اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے 18 سال بعد مارول کی دنیا میں واپسی کر لی ہے۔ اداکار مارول اسٹوڈیوز کی سیریز ’ویژن کویسٹ‘ کی چھٹی قسط میں اپنے سابقہ کردار میں نظر آئے ہیں۔
فاران طاہر نے 2008 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم ’آئرن مین‘ میں رضا نامی خطرناک ولن کا کردار ادا کیا تھا، جس نے فلم میں ٹونی اسٹارک کو اغوا کیا تھا۔ اب تقریباً 18 سال بعد اداکار اسی کردار کے ساتھ دوبارہ مارول فرنچائز کا حصہ بنے ہیں، تاہم اس مرتبہ ان کا حلیہ اور انداز پہلے سے مختلف دکھائی دیتا ہے۔
سیریز کی نئی قسط میں فاران طاہر مسلح ساتھیوں کے ہمراہ ویژن کو پکڑنے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں، جس سے ان کے کردار کی کہانی ایک مرتبہ پھر مارول کی دنیا سے جڑ گئی ہے۔
فاران طاہر کی مارول فرنچائز میں طویل عرصے بعد واپسی پاکستانی فنکاروں کے لیے بھی توجہ کا باعث بن گئی ہے۔ وہ ہالی ووڈ میں اپنی اداکاری کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر پاکستانی نژاد فنکاروں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔



