ملتان: گھر میں آتشزدگی، ماں اور دو بیٹیوں سمیت 3 خواتین جاں بحق

ملتان (جانوڈاٹ پی کے) لطف آباد میں ایک گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے ماں اور اس کی دو بیٹیاں جاں بحق ہوگئیں، جبکہ آتشزدگی کے باعث گھر کے ایک کمرے کی چھت بھی گر گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کے نتیجے میں کمرے کی چھت منہدم ہوگئی، جس کے باعث تینوں خواتین ملبے تلے دب گئیں۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائی کرتے ہوئے ملبے سے تینوں خواتین کی لاشیں نکال لیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق خواتین کی شناخت 45 سالہ پروین، ماہین فاطمہ اور میرب فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق آگ لطف آباد میں شہرون نامی شہری کے گھر میں لگی۔ آتشزدگی کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



