نیپال پریمیئر لیگ: ’راولپنڈی ایکسپریس‘ شعیب اختر کا اسٹیڈیم میں شاندار استقبال

کھٹمنڈو (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر شعیب اختر نیپال پریمیئر لیگ (این پی ایل) کے تیسرے ایڈیشن کی کوریج کے لیے کھٹمنڈو پہنچ گئے، جہاں کرکٹ شائقین نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔
فاسٹ بولنگ کے باعث ’’راولپنڈی ایکسپریس‘‘ کے نام سے مشہور شعیب اختر نے نیپالی مداحوں کی محبت اور جوش و جذبے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کھٹمنڈو کے شائقین کی گرم جوشی غیر معمولی ہے اور انہیں نیپالی کرکٹ کی ترقی کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملنے پر فخر ہے۔
شعیب اختر نیپال پریمیئر لیگ کے آفیشل براڈکاسٹر ہمالیہ اسپورٹس کے خصوصی مہمان کی حیثیت سے ٹورنامنٹ میں شریک ہیں۔ وہ میچز سے قبل اور اختتام کے بعد ہونے والے پروگراموں میں تجزیہ پیش کریں گے، جبکہ اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کے تجربات بھی شائقین کے ساتھ شیئر کریں گے۔
ان کے دورے میں مداحوں سے ملاقاتیں اور کرکٹ سے متعلق مختلف سرگرمیاں بھی شامل ہیں، جبکہ ان کی آمد سے ٹورنامنٹ کی میڈیا کوریج میں مزید دلچسپی پیدا ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق این پی ایل 2026 کا آغاز 26 اکتوبر سے ہوا ہے اور ٹورنامنٹ 21 نومبر تک جاری رہے گا۔ ایونٹ میں آٹھ ٹیمیں مجموعی طور پر 32 میچز کھیلیں گی، جبکہ معین علی، آندرے رسل اور شکیب الحسن جیسے معروف بین الاقوامی کرکٹرز بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
شعیب اختر نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 444 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی نیپال آمد کو شائقین کرکٹ کے لیے ایک خاص موقع قرار دیا جا رہا ہے، جہاں وہ اپنے تجربات اور تجزیے کے ذریعے ٹورنامنٹ کی کوریج میں حصہ لیں گے۔



