کراچی میں مبینہ سائبر فراڈ سینٹر پر چھاپہ، 47 افراد گرفتار، درجنوں ڈیجیٹل آلات برآمد

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے شاہراہ فیصل پر قائم مبینہ اسکیم سینٹر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سائبر فراڈ میں ملوث ہونے کے الزام میں 47 افراد کو گرفتار کرلیا، جبکہ 5 ملزمان تاحال مفرور ہیں۔

این سی سی آئی اے کے مطابق آذان انٹرپرائزز کے نام سے کام کرنے والا مبینہ اسکیم سینٹر ٹیکنالوجی پارک کی چوتھی منزل پر قائم تھا، جہاں سے دھوکا دہی کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کی مالی معلومات حاصل کرکے مبینہ طور پر فراڈ کیا جاتا تھا۔

ادارے کے مطابق ملزمان فون کالز کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کو دھوکا دے کر ان کی بینکنگ معلومات حاصل کرتے اور ان معلومات کا مبینہ طور پر ناجائز استعمال کرتے تھے۔

کارروائی کے دوران حکام نے 50 لیپ ٹاپ، 26 موبائل فون، ایک ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر اور دیگر ڈیجیٹل آلات قبضے میں لے لیے۔

این سی سی آئی اے کے مطابق اس کارروائی کے سلسلے میں مجموعی طور پر 52 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں سے 47 کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ 5 ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 116/2026 درج کی گئی ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔

این سی سی آئی اے کے مطابق یہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل علی ناصر رضوی کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔ ادارے نے واضح کیا ہے کہ سائبر کرائم اور آن لائن مالی فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button