پشاور: حسن خیل پولیس اسٹیشن پر ڈرون حملہ ناکام، آئرن جالیوں نے بم شیل کو پھٹنے سے روک دیا

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی کے مؤثر حفاظتی اقدامات کے باعث پولیس اسٹیشن حسن خیل پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام ہوگیا، جہاں کواڈ کاپٹر کے ذریعے پھینکا گیا بم شیل آئرن جالیوں کی وجہ سے پھٹ نہ سکا۔

سی سی پی او میاں سعید کے مطابق حملہ آوروں نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے پولیس اسٹیشن پر بم شیل گرایا، تاہم وہاں نصب حفاظتی آئرن جالیوں کے باعث بم شیل پھٹنے سے محفوظ رہا اور بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد بم ڈسپوزل یونٹ کو طلب کرلیا گیا ہے تاکہ بم شیل کو ناکارہ بنایا جاسکے۔ واقعے کے بعد پولیس اسٹیشن کی سیکیورٹی کے حوالے سے ضروری اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ تقریباً ایک ماہ قبل خیبر پختونخوا پولیس نے ڈرون حملوں کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مختلف پولیس اسٹیشنوں اور چیک پوسٹوں پر آئرن جالیاں نصب کی تھیں۔ اس اقدام کا مقصد ڈرون کے ذریعے کیے جانے والے حملوں کی صورت میں نقصان کو کم سے کم کرنا تھا۔

حسن خیل پولیس اسٹیشن پر پیش آنے والا واقعہ حفاظتی جالیوں کی افادیت کو اجاگر کرتا ہے، جبکہ صوبے میں پولیس تنصیبات کو ڈرون حملوں سے محفوظ بنانے کے لیے ایسے اقدامات کی اہمیت بھی نمایاں ہوئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button