خیبرپختونخوا پولیس کا جدید اقدام، ڈرون اور اینٹی ڈرون نظام سیف سٹی منصوبے سے منسلک

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا پولیس نے سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون نظام کو سیف سٹی منصوبے سے منسلک کر دیا ہے، جس کے ذریعے مشکوک ڈرونز کی نگرانی اور ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی ممکن ہوگی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں پہلی بار ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون نظام کو سیف سٹی منصوبے کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کو سیف سٹی کے مرکزی کنٹرول روم سے براہ راست منسلک کیا گیا ہے، جہاں سے فضائی نگرانی کے نظام کی مانیٹرنگ کی جا سکے گی۔

پولیس حکام کے مطابق اینٹی ڈرون نظام اپنے ریڈار کی حدود میں پرواز کرنے والے ڈرونز کی نگرانی کرے گا، جبکہ کسی مشکوک ڈرون کے ریڈار کی حدود میں داخل ہوتے ہی سیف سٹی کنٹرول روم کو الرٹ موصول ہوگا۔

حکام کا کہنا ہے کہ پشاور میں نصب ایک اینٹی ڈرون نظام پانچ کلومیٹر کے علاقے کی نگرانی کرے گا۔ اس ٹیکنالوجی سے امن و امان کی صورتحال کے دوران دفاعی اور جارحانہ حکمت عملیوں میں معاونت حاصل ہوگی۔

پولیس کے مطابق ڈرون یونٹس کے ذریعے حساس مقامات، ٹریفک کی صورتحال اور جرائم کی 24 گھنٹے فضائی نگرانی میں مدد ملے گی۔ پشاور کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور لکی مروت میں بھی سیف سٹی منصوبے کے تحت ڈرون نگرانی کا نظام فعال ہوگا۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی ممکن ہوگی۔ سیف سٹی ڈرون نظام کے ذریعے صوبے کے مختلف علاقوں میں فضائی نگرانی اور آپریشنز کی صورت حال مرکزی کنٹرول روم میں براہ راست دیکھی جا سکے گی۔

مزید خبریں

Back to top button