بسنت 2027 کی تیاریاں، اندرون لاہور میں 271 خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کردی گئی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے\ ویب ڈیسک) بسنت 2027 کے پیش نظر اندرون لاہور میں خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کے لیے سروے جاری ہے، جس کے دوران پانچ وارڈز میں تقریباً 10 ہزار عمارتوں کا جائزہ لے کر 271 عمارتوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق لوہاری گیٹ کے علاقے میں سب سے زیادہ 95 خطرناک عمارتوں کی نشاندہی ہوئی ہے، جبکہ ٹیکسالی گیٹ میں 57 عمارتیں غیر محفوظ پائی گئیں۔
اسی طرح اکبری گیٹ اور دہلی گیٹ پر مشتمل وارڈ میں 52 عمارتوں کو خطرناک قرار دیا گیا۔ بھاٹی گیٹ میں 43 اور یکی گیٹ میں 24 عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اندرون لاہور کے مجموعی طور پر 9 وارڈز میں تقریباً 22 ہزار عمارتیں موجود ہیں۔ ابتدائی طور پر پانچ وارڈز میں سروے مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ باقی چار وارڈز میں عمارتوں کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔
بسنت 2027 کے پیش نظر خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، تاہم سروے کے بعد ان عمارتوں کی مرمت، حفاظتی اقدامات یا دیگر انتظامی کارروائیوں سے متعلق تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔



