’’او میڈم! آپ ہر گروپ میں شروع ہو جاتی ہیں، مہربانی کریں اور اپنے کام سے کام رکھیں، علی امین گنڈاپور کا شاندانہ گلزار کو جواب

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور نے پارٹی رہنما شاندانہ گلزار کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہر گروپ میں سوالات شروع کر دیتی ہیں، انہیں دوسروں کے بجائے اپنے کام پر توجہ دینی چاہیے۔

علی امین گنڈاپور نے شاندانہ گلزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’او میڈم! آپ ہر گروپ میں شروع ہو جاتی ہیں، مہربانی کریں اور اپنے کام سے کام رکھیں۔ کس نے کیا کیا، اس کے بجائے یہ بتائیں کہ آپ نے کیا کیا؟‘‘

پی ٹی آئی رہنما نے اپنے دورِ وزارتِ اعلیٰ میں پارٹی کارکنوں کی گرفتاریوں اور جیلوں میں بند افراد کے معاملات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں ان معاملات کو بہترین انداز میں دیکھا گیا۔ ان کے مطابق گرفتار کارکنوں کے مقدمات، اہلِ خانہ اور ضمانتی مچلکوں سمیت تمام امور کا خیال رکھا گیا اور گرفتار ہونے والے افراد کی جلد رہائی کے لیے اقدامات کیے گئے۔

شاندانہ گلزار کو جواب دیتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ وہ ہر گروپ میں ان کے سوالات کے جواب دینے کے پابند نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک گروپ میں جواب دینے کے باوجود دوسرے گروپ میں دوبارہ سوالات شروع کر دیے گئے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ اتنے فارغ نہیں کہ ہر بار جواب دیتے رہیں اور شاندانہ گلزار بھی اس قدر اہم نہیں کہ انہیں مسلسل جواب دینا پڑے۔

یہ بیان پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے درمیان پارٹی کارکنوں کی گرفتاریوں اور ان سے متعلق اقدامات پر سامنے آنے والے اختلافِ رائے کی عکاسی کرتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button