لاہور پولیس لائنز میں رشوت ستانی کا الزام، 3 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پولیس لائنز میں ڈیوٹیوں اور تبادلوں کے عوض مبینہ رشوت لینے اور دینے کے الزام میں تین پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل فاروق پر الزام ہے کہ وہ ڈیوٹیوں اور تبادلوں کے عوض کانسٹیبلز سے مبینہ طور پر رشوت وصول کرتا تھا، جبکہ کانسٹیبل عمران اور کانسٹیبل اسماعیل پر رشوت دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے تینوں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کیے، جس کے بعد تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مقدمہ آر آئی گاردات انسپکٹر محمد عمران کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں بھتہ خوری اور پولیس آرڈر 2002 کی متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ شہری ہو یا پولیس اہلکار، کسی کو بھی رشوت ستانی کا نشانہ نہیں بننے دیا جائے گا۔ ان کے مطابق رشوت لینے اور دینے والے دونوں قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔

مزید خبریں

Back to top button