کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دیا جائے، بلاول بھٹو کا یومِ سیاہ کشمیر پر عالمی برادری سے مطالبہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تقریباً آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود کشمیری عوام اپنے بنیادی حقِ خودارادیت سے محروم ہیں۔ انہیں اس حق سے محروم رکھنا عالمی ضمیر اور انصاف کے دعوؤں پر مسلسل سوالیہ نشان ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر محض ایک خطہ نہیں بلکہ لاکھوں انسانوں کی آزادی، شناخت اور مستقبل کا معاملہ ہے۔ کشمیری عوام کی عزتِ نفس اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے بنیادی حق کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یومِ سیاہ کشمیر کشمیری عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت کی حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی مسئلہ کشمیر کو پاکستان کے اصولی مؤقف اور خطے میں پائیدار امن کے تناظر میں ہمیشہ اجاگر کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر محض بیانات تک محدود نہ رہیں بلکہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل یقینی بنایا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یومِ سیاہ کشمیر پر کشمیری عوام کے ساتھ پاکستانی قوم کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی لازوال قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور آزادی کے لیے ان کی تاریخی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سرینگر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button