79 برس گزر گئے، کشمیری بھارتی ظلم کے سامنے نہیں جھکے، محسن نقوی کا یومِ سیاہ کشمیر پر پیغام

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 79 برس گزرنے کے باوجود غیور کشمیری عوام نے بھارتی ظلم و ستم کے سامنے سر نہیں جھکایا۔

محسن نقوی نے بھارتی جبر کے خلاف ثابت قدم رہنے والے کشمیری عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کرکے تاریخ کا سیاہ ترین باب رقم کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 1947ء سے اب تک بھارتی افواج نے مقبوضہ وادی کو ریاستی جبر کا مرکز بنا رکھا ہے، جہاں ہزاروں نوجوان آزادی کی جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوجی محاصرے نے مقبوضہ کشمیر کو قید خانے میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں کشمیری عوام کی آواز دبانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ محسن نقوی نے بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کا یہ فرمان کہ ’’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے‘‘ ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔

محسن نقوی کے مطابق جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام تنازعۂ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر عالمی فورم پر جاری رکھے گا۔

مزید خبریں

Back to top button