وزیراعظم شہباز شریف سے حافظ نعیم الرحمان کی ملاقات آج ہوگی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کے درمیان آج ملاقات طے پا گئی ہے، جس میں پٹرولیم لیوی کے خاتمے سمیت عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات آج دوپہر وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی، جس میں جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ بھی شریک ہوں گے، جبکہ جماعت کی مذاکراتی ٹیم کے دیگر ارکان کی شرکت بھی متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد میں وفاقی وزیر احسن اقبال، وفاقی وزیر علی پرویز ملک اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ بھی شامل ہوں گے۔
ملاقات کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینے اور پٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومت کے ممکنہ اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا، تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے رابطے اور ملاقات کی دعوت کے بعد جماعت اسلامی نے مارچ مؤخر کردیا تھا۔
مجوزہ ملاقات کو پٹرولیم لیوی اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مشاورت کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



