ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کی زیرِ صدارت محکمہ تعلیم کا اجلاس،اسکولوں کے ریکارڈ کا جائزہ،تعلیمی بہتری کیلئے افسران کو ہدایات

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن جانو.پی کے )ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی زیرِ صدارت محکمہ تعلیم کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے سرکاری اسکولوں کی صورتحال، طلبہ و اساتذہ کی تعداد، اسکولوں کی فعالیت اور تعلیمی نظام سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری، چیف مانیٹرنگ آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر اسکولوں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے زیرِ تعلیم طلبہ کی تعداد، اساتذہ کی تعیناتی، اسکولوں کے کھلے اور بند ہونے کی صورتحال اور تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل پر غور کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے متعلقہ افسران سے تعلیمی اداروں کے انتظامی امور اور موجودہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ حاصل کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام اساتذہ کی حاضری یقینی بنائی جائے اور انہیں اپنی مقررہ ڈیوٹی باقاعدگی سے انجام دینے کا پابند بنایا جائے تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے تعلیمی معیار بہتر بنانے، اسکولوں میں طلبہ کی انرولمنٹ بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکولوں میں داخل کرانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ضلع بھر کے اسکولوں کی عمارتوں کا جائزہ لے کر خستہ حال اور مرمت کی ضرورت والی عمارتوں کی تفصیلی رپورٹ مرتب کی جائے، تاکہ ان کی بہتری اور طلبہ و اساتذہ کے لیے محفوظ تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اسکولوں کے ریکارڈ کو درست اور اپ ڈیٹ رکھا جائے، تعلیمی اداروں کی کارکردگی کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کی جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button