قطرکی سفارتی سرگرمیاں تیز،سعودی عرب اورمصر سے علاقائی کشیدگی کم کرنے پراہم رابطے

دوحہ (جانو ڈاٹ پی کے)قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی نے سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کیے، جن میں مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال، علاقائی بحرانوں اور کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطری وزیراعظم نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے گفتگو کے دوران خطے کی صورت حال اور امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی نے زور دیا کہ سعودی عرب کی سلامتی خلیجی خطے کی اجتماعی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی کشیدگی کم کرنے اور حالات کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

قطری وزیراعظم نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ گفتگو میں خطے میں امن و سکون کی بحالی اور اس مقصد کے لیے ممکنہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی نے اہم بحری تجارتی راستوں پر جہاز رانی کی آزادی اور تحفظ یقینی بنانے کے اقدامات کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے خطے میں دیرپا امن کے لیے سفارتی کوششیں آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی سے متعلق خدشات نے عالمی توانائی کی رسد اور تیل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھا رکھا ہے۔ ایسے حالات میں قطر کے یہ رابطے علاقائی تعاون اور سفارتی حل کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button