اسلام آباد ایکسپریس کے کچن میں ناقص صفائی اور غیر معیاری دودھ پکڑا گیا، مینیجر کو ایک ہزار روپے جرمانہ

ڈویژنل کمرشل آفیسر ریلوے لاہور عبداللہ ارشد نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلویز لاہور ڈویژن انعام اللہ کی ہدایات پر معائنہ کیا۔ اس دوران کھانے پینے کی اشیا کے معیار، صفائی اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
حکام کے مطابق اسلام آباد ایکسپریس میں مسافروں کو فراہم کیے جانے والے مفت فوڈ باکسز کا معیار تسلی بخش پایا گیا، تاہم کچن میں صفائی کے انتظامات بہتر نہ ہونے اور غیر معیاری دودھ کی موجودگی پر کارروائی کی گئی۔
دوسری جانب گرین لائن ٹرین کے کچن پورشن میں کھانے کے معیار اور مفت فراہم کی جانے والی سہولیات کو تسلی بخش قرار دیا گیا، تاہم بوتل بند مقامی پانی فروخت کرنے پر کچن مینیجر کو وارننگ جاری کی گئی۔
عبداللہ ارشد نے دونوں ٹرینوں کے کچن پورشنز میں موجود دیگر اشیائے خورونوش اور صفائی کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ مسافروں کو معیاری خوراک اور بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے وژن کے مطابق ٹرینوں میں فراہم کی جانے والی اشیائے خورونوش کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔



