پشاور ماسٹر پلان کے 180 روزہ اہداف تیز کرنے کی ہدایت، انڈر پاسز اور 35 اہم سڑکوں کی بحالی پر کام جاری

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور ماسٹر ڈویلپمنٹ پلان کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ان کی زیر صدارت اجلاس میں شہر کی سڑکوں کی بحالی، انڈر پاسز کی تعمیر، ٹریفک مسائل کے حل اور شہری سہولیات میں بہتری کے لیے مقررہ اہداف کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مشیر خزانہ آصف محمود پاشا، مشیر بلدیات آصف رفیق، چیف سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ حکام نے 100 اور 180 روزہ اہداف پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پشاور میں تین انڈر پاسز مکمل ہوچکے ہیں، جبکہ پشتخرہ اور جمیل چوک انڈر پاسز کو جلد مکمل کرنے کے لیے کام جاری ہے۔ رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ پر 50 کروڑ روپے کی لاگت سے الیکٹرک پولز کی تنصیب، لائٹنگ اور کیبلنگ کا کام بھی جاری ہے۔

حکام کے مطابق شہر کی 35 اہم سڑکوں کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے علاوہ پیر زکوڑی فلائی اوور کے لیول ٹو اور ناصر باغ روڈ کی توسیع پر بھی کام ہورہا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 323 کنال اراضی پر مشتمل نیو پشاور بس ٹرمینل کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جلد فعال کرنے کا منصوبہ ہے۔ تجاوزات کے خلاف کارروائی کے بعد خالی ہونے والی اراضی سے دو روز میں ملبہ اٹھانے اور وہاں عوامی مقامات بنانے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے یونیورسٹی روڈ کی دوبارہ کارپٹنگ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے، بجلی کی تاریں زیر زمین منتقل کرنے اور کوہاٹ روڈ پر انڈر پاس کی تعمیر کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی تیار کرنے کی ہدایت کی۔

مزید خبریں

Back to top button