پاکستان اورامریکا میں توانائی تعاون بڑھانے پر اتفاق، ایل این جی فراہمی اور طویل مدتی معاہدوں پر غور

ملاقات میں امریکی ناظم الامور نے کہا کہ امریکا پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے قریبی تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پاکستان میں امریکی کمپنیوں کے لیے کاروباری مواقع پیدا کرنے اور توانائی کی طویل مدتی فراہمی کے معاہدوں کو مفید قرار دیا۔
اس موقع پر پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹرز نے امریکی کمپنیوں کی جانب سے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی فراہمی میں دلچسپی کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے امریکی ناظم الامور کو پاکستان کی توانائی ضروریات کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ نیٹلی اے بیکر نے ایندھن کی فراہمی کی صورتحال کو مؤثر انداز میں سنبھالنے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی توانائی ضروریات کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے اور دونوں ممالک کی ٹیمیں توانائی کے شعبے میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ریفائنریوں کو جدید بنانے کے منصوبے امریکی مالیاتی اداروں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے معدنیاتی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ان کے مطابق امریکی تعاون اور دوطرفہ روابط کا فروغ پاکستان کی طویل مدتی توانائی سلامتی کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔


