پاکستان نے افغان شہریوں کی ہلاکت سے متعلق الزامات مسترد کردیے

اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے باعث ساڑھے 3 ہزار جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ ان کے مطابق طالبان رجیم بدستور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کو پناہ دے رہی ہے۔
سجاد حیدر خان نے کہا کہ جب شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو بار بار دہشت گرد حملوں کا نشانہ بنایا جائے تو کوئی ریاست خاموش نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان میں پاکستان کی کارروائیوں کا ہدف صرف دہشت گرد اور ان کے سہولت کاری کے مراکز ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔



