50 وکٹیں لینے کے باوجود جیمز اینڈرسن کو لنکاشائر کا نیا معاہدہ نہ مل سکا

لندن (جانو ڈاٹ پی کے)انگلینڈ کے لیجنڈری فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے لنکاشائر کاؤنٹی سے علیحدگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے کرکٹ کیریئر کا اختتام اس انداز میں نہیں کرنا چاہتے تھے۔ کاؤنٹی کی جانب سے 2027 کے سیزن کے لیے نیا معاہدہ نہ دینے کے فیصلے کے بعد ان کا 25 سالہ تعلق ختم ہوگیا ہے۔

44 سالہ اینڈرسن نے 2026 کے سیزن میں لنکاشائر کی کپتانی کرتے ہوئے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 17 کی اوسط سے 50 وکٹیں حاصل کیں، تاہم ان کی کارکردگی بھی کاؤنٹی کو نیا معاہدہ دینے پر آمادہ نہ کرسکی۔

سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں اینڈرسن نے کہا کہ بچپن سے لنکاشائر کو سپورٹ کرنا اور 25 سال تک کلب کی نمائندگی کرنا ان کے لیے خواب کی تعبیر تھی۔ انہوں نے اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلنے اور کلب کی قیادت کرنے کو اپنے کیریئر کی یادگار کامیابیوں میں شمار کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے اینڈرسن نے 188 ٹیسٹ میچز میں 704 وکٹیں اپنے نام کیں۔ ان کا بین الاقوامی ٹیسٹ کیریئر 2024 میں اختتام پذیر ہوا تھا۔

اینڈرسن نے 2001 میں لنکاشائر کی جانب سے ڈیبیو کیا تھا اور کاؤنٹی کے لیے 112 فرسٹ کلاس میچز میں 443 وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم انہوں نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کسی دوسری کاؤنٹی کی نمائندگی جاری رکھیں گے یا کرکٹ کو مکمل طور پر خیرباد کہہ دیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button