خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.3 ریکارڈ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق سوات، ہری پور، لوئر دیر، باجوڑ، مالاکنڈ اور آزاد کشمیر کی وادی نیلم سمیت گردونواح کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ سوات اور اس سے ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے نسبتاً شدید جھٹکے محسوس ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں، جس کے باعث شہریوں میں تشویش پائی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 112 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کوہِ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ بتایا گیا ہے۔
زلزلے کے جھٹکوں کے باعث مختلف علاقوں میں شہری خوفزدہ ہو گئے، تاہم تاحال کسی جانی نقصان یا املاک کو پہنچنے والے نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔
حکام کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ زلزلے کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔



