حنیف عباسی کا راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر اچانک چھاپہ، افسران کی غیر حاضری پر آخری وارننگ جاری

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا، جہاں متعلقہ افسران اور ملازمین کی عدم موجودگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے افسران کی سرزنش کی اور آئندہ غفلت برداشت نہ کرنے کی وارننگ دے دی۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر نے چیف ٹرانسپورٹیشن آفیسر (سی ٹی او)، ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر (ڈی ٹی او) اور اسٹیشن ماسٹر کی عدم موجودگی پر سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں ختم کرنے کی واضح ہدایات جاری کی جا چکی ہیں تو افسران اسٹیشن پر موجود کیوں نہیں ہیں؟
حنیف عباسی نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی ہدایت دے رکھی تھی کہ ہفتہ وار تعطیلات نہیں ہوں گی، اس کے باوجود افسران کی غیر حاضری ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا ریلوے میں تمام معاملات درست ہو چکے ہیں کہ افسران نے اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برتنا شروع کر دی ہے؟
وفاقی وزیر نے ریلوے کے معاون افسران کی بھی سرزنش کی اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے نورالدین داوڑ سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے انہیں افسران کی غیر حاضری پر خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ وار چھٹیاں ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجود افسران کی عدم موجودگی تشویش ناک ہے۔
انہوں نے سخت لہجے میں واضح کیا کہ یہ آخری وارننگ ہے اور آئندہ ایسی کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ حنیف عباسی نے سوال کیا کہ ڈویژنل افسران کی ذمہ داری صرف دفاتر میں بیٹھنا ہے یا فیلڈ میں جا کر معاملات کی نگرانی کرنا بھی ان کے فرائض میں شامل ہے؟
دورے کے دوران وفاقی وزیر نے ریلوے کے کارگو سینٹر کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایک مسافر نے شکایت کی کہ اس سے ٹکٹ کے مقررہ کرائے سے دگنا کرایہ وصول کیا گیا ہے۔
حنیف عباسی نے ریلوے حکام کی کارکردگی اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں اور مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔



