تنقید کا جواب سنچری سے دیا،حارث رؤف نے کہا آؤٹ نہ ہونا، میں بھی آؤٹ نہیں ہوں گا،شاداب خان

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان نے انگلینڈ کے خلاف شاندار سنچری کے بعد کہا ہے کہ ماضی میں ان کی کارکردگی اچھی نہیں رہی تھی اور انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، یہاں تک کہ ان کی وجہ سے کوچ اور سلیکٹرز بھی تنقید کی زد میں آئے، تاہم انہوں نے اعتماد برقرار رکھا جس کا نتیجہ اچھی کارکردگی کی صورت میں سامنے آیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ انہیں محسوس نہیں ہوا تھا کہ گیند بلے کو چھو کر گزری ہے، اس لیے آؤٹ قرار دیے جانے پر انہیں مایوسی ہوئی۔ حارث رؤف بھی اس وقت مایوس تھے، تاہم شاداب کے مطابق حارث کو اس کامیابی کا بہت کریڈٹ جاتا ہے۔

شاداب خان نے بتایا کہ حارث رؤف نے ان سے کہا تھا کہ آپ آؤٹ نہ ہونا، میں بھی آؤٹ نہیں ہوں گا۔ دونوں نے مل کر اننگز کو آگے بڑھایا اور آہستہ آہستہ ہدف کے قریب پہنچتے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بیٹنگ کے دوران انہیں تماشائیوں کی آوازیں سنائی نہیں دے رہی تھیں، کیونکہ اس وقت کھلاڑی ایک الگ کیفیت میں ہوتا ہے اور پوری توجہ کھیل پر مرکوز ہوتی ہے۔

شاداب نے گلین میکسویل کی ورلڈ کپ والی اننگز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس اننگز کی اپنی اہمیت تھی، جبکہ ان کی یہ سنچری ایک سیریز کے میچ میں بنائی گئی اچھی اننگز ہے۔ سینئر کھلاڑی ہونے کے ناتے انہیں اس بات کی فکر نہیں تھی کہ وہ کس نمبر پر بیٹنگ کے لیے جارہے ہیں، بلکہ خوشی اس بات کی تھی کہ اننگز اچھی رہی۔

ورلڈ کپ سے متعلق سوال پر شاداب خان نے کہا کہ ابھی میگا ایونٹ دور ہے اور وہ اتنی دور کی منصوبہ بندی نہیں کرتے۔ اگر انہیں ورلڈ کپ کے لیے منتخب کیا گیا تو کوشش ہوگی کہ پاکستان کو ٹائٹل جتوائیں۔

شاداب خان نے اپنی سنچری اہل خانہ کے نام کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی کا کریڈٹ بھی وہ انہی کو دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا ہدف بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھانا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button