سی سی ڈی کا پنجاب میں جرائم کی شرح میں 63 فیصد کمی کا دعویٰ

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی کارکردگی سے متعلق جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2023 کے مقابلے میں ستمبر 2025 کے دوران صوبے بھر میں مختلف جرائم کی شرح میں مجموعی طور پر 63 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق لاہور ریجن میں جرائم کی شرح میں سب سے زیادہ 78 فیصد کمی سامنے آئی، جبکہ فیصل آباد ریجن میں 68 فیصد، ساہیوال میں 66 فیصد، ملتان میں 59 فیصد، گوجرانوالہ اور بہاولپور میں 58، 58 فیصد، شیخوپورہ میں 57 فیصد اور سرگودھا ریجن میں 56 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح راولپنڈی ریجن میں جرائم کی شرح 52 فیصد جبکہ ڈیرہ غازی خان ریجن میں 43 فیصد کم ہوئی۔ جاری کردہ اعداد و شمار میں ڈکیتی، راہزنی، موٹر سائیکل چھیننے اور چوری سمیت مختلف جرائم میں کمی کو نمایاں کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2023 کے مقابلے میں ستمبر 2025 کے دوران گھروں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں 81 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ شاہراہوں پر ڈکیتی کے واقعات 72 فیصد اور راہزنی کی وارداتیں 71 فیصد کم ہوئیں۔
مزید بتایا گیا کہ موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات میں 67 فیصد اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں 56 فیصد کمی سامنے آئی۔ مجموعی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے مختلف ریجنز میں جرائم کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم یہ تقابل ستمبر 2023 اور ستمبر 2025 کے اعداد و شمار پر مبنی ہے۔



