جنگ اور سائبر حملوں کا خدشہ، برطانوی حکومت کی شہریوں کو 72 گھنٹے کا راشن اور پانی ذخیرہ کرنے کی ہدایت

لندن (ویب ڈیسک) جنگ، سائبر حملوں اور دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے برطانوی حکومت نے ملک بھر میں نئی قومی مہم کا آغاز کرتے ہوئے شہریوں کو کم از کم تین دن یعنی 72 گھنٹے تک خود کفیل رہنے کی تیاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

برطانوی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اس مہم کو ’’بی ریڈی‘‘ (Be Ready) کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا مقصد شہریوں کو ممکنہ ہنگامی صورتِ حال میں ابتدائی تین دن کے دوران اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے قابل بنانا ہے۔

کابینہ آفس کے مطابق شہریوں کو گھروں میں ڈبہ بند خوراک اور بوتل بند پانی محفوظ رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ حکومت نے ہر فرد کے لیے روزانہ تین لیٹر پینے کا پانی ذخیرہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ ہنگامی حالات میں پانی کی فراہمی متاثر ہونے کی صورت میں مشکلات سے بچا جا سکے۔

حکام نے شہریوں کو ٹارچ، اضافی بیٹریاں، بیٹری سے چلنے والا ریڈیو، موبائل فون کے لیے پاور بینک اور ہنگامی ضروریات پوری کرنے کے لیے نقد رقم رکھنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔

یہ مہم ممکنہ سائبر حملوں، اہم قومی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے خدشات، شدید موسمی حالات، سیلاب اور طویل بجلی کی بندش جیسے خطرات کے پیشِ نظر شروع کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق روس سمیت دیگر ممالک سے ممکنہ سائبر خطرات بھی ان خدشات میں شامل ہیں۔

برطانوی حکام نے واضح کیا ہے کہ ان ہدایات کا مطلب یہ نہیں کہ فوری جنگ یا براہِ راست حملے کی پیشگوئی کی گئی ہے، بلکہ اس اقدام کا بنیادی مقصد شہریوں کو کسی بھی ہنگامی صورتِ حال کے ابتدائی 72 گھنٹوں کے لیے تیار رکھنا ہے۔

فرانس، آئرلینڈ اور نیدرلینڈز سمیت بعض دیگر یورپی ممالک میں بھی شہریوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ برطانوی سیکیورٹی وزیر ڈین جاروس اور وزیراعظم اینڈی برنہم نے بھی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ضروری سامان پہلے سے محفوظ رکھیں۔

مزید خبریں

Back to top button