گندم مہنگی ہونے لگی، اسحاق ڈار کا فوری ایکشن لینے کا حکم، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے گندم کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو فراہمی بڑھانے اور قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔
ضروری اشیائے خورونوش سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں حکام نے بتایا کہ ملکی ذخائر اور درآمدی گندم اگلی فصل کی آمد تک ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں، تاہم قیمتوں میں اضافے کے رجحان پر قابو پانے کے لیے مسلسل نگرانی کی جائے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ چینی کی قیمت مقررہ پرچون نرخ 155 روپے فی کلو سے نمایاں طور پر کم ہے اور آئندہ کرشنگ سیزن تک مطلوبہ ضروریات سے زائد ذخائر موجود ہیں۔
اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزی اور مارکیٹ میں قیاس آرائیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور عوام کو بنیادی غذائی اشیاء مناسب قیمتوں پر فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک رہیں۔



