منوج واجپائی کا بالی ووڈ پر کڑا وار،اداکاری کی صلاحیتوں کا صرف 25 فیصد استعمال ہونے کا انکشاف

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے)بالی ووڈ کے معروف اور نیشنل فلم ایوارڈ یافتہ اداکار منوج باجپائی نے فلمی صنعت میں فنکاروں کو محدود کرداروں تک رکھنے کے رجحان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈسٹری طویل عرصے سے باصلاحیت اداکاروں کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق مواقع دینے میں ناکام رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں منوج باجپائی نے کہا کہ کئی اچھے اداکاروں کو بار بار ایک ہی نوعیت کے کرداروں میں کاسٹ کیا جاتا ہے، جس کے باعث ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں سامنے آنے کا موقع نہیں ملتا۔

سینئر اداکار کے مطابق بعض فنکاروں کو مناسب مواقع اور وہ عزت نہیں مل پاتی جس کے وہ مستحق ہوتے ہیں، نتیجتاً ان کی صلاحیتیں محدود ہوکر رہ جاتی ہیں اور وہ فلمی دنیا میں اپنی مکمل شناخت قائم نہیں کرپاتے۔

منوج باجپائی نے اپنے کیریئر کا حوالہ دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ ان کی اداکاری کی صلاحیتوں کا اب تک صرف 25 فیصد حصہ ہی استعمال ہوسکا ہے۔ ان کے بقول، یہ مسئلہ کسی ایک فنکار تک محدود نہیں بلکہ بالی ووڈ میں طویل عرصے سے ایسے رجحانات موجود ہیں جو اداکاروں کی صلاحیتوں کے مکمل اظہار میں رکاوٹ بنتے ہیں۔

تاہم اداکار نے اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کو فلمی صنعت میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی بدولت ناظرین کو اب معیاری اور متنوع مواد دیکھنے کے زیادہ مواقع مل رہے ہیں، جبکہ وہ اپنی پسند، ناپسند اور رائے کا اظہار بھی پہلے سے زیادہ کھل کر کرسکتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button