انجلی اروڑا کی مختصر پرفارمنس پر تنازع،منتظمین کاایک کروڑ20لاکھ بھارتی روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس

کانپور(جانو ڈاٹ پی کے)بھارتی سوشل میڈیا اسٹار اور اداکارہ انجلی اروڑا ایک تقریب میں طے شدہ وقت سے کم پرفارمنس دینے کے الزام پر تنازع کا شکار ہوگئی ہیں۔ کانپور میں تقریب منعقد کرنے والے منتظمین نے اداکارہ کو ایک کروڑ 20 لاکھ بھارتی روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا ہے، جبکہ ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کے لیے سروپ نگر پولیس اسٹیشن سے بھی رجوع کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق منتظمین کا الزام ہے کہ معاہدے کے تحت انجلی اروڑا کو 45 منٹ تک اسٹیج پر پرفارم کرنا تھا، تاہم وہ صرف 12 منٹ پرفارم کرنے کے بعد تقریب سے روانہ ہوگئیں۔

منتظمین کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس میں مبینہ مالی نقصان کے علاوہ سماجی اور پیشہ ورانہ ساکھ کو پہنچنے والے نقصان اور ذہنی اذیت کے ازالے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

تقریب کے منتظمین کا دعویٰ ہے کہ انجلی اروڑا اس وقت ناراض ہوگئیں جب تقریب میں ان کا مشہور گانا ’کچا بادام‘ چلایا گیا۔ یہ وہی گانا ہے جس کے ذریعے اداکارہ کو سوشل میڈیا پر نمایاں شہرت ملی تھی۔

دوسری جانب انجلی اروڑا نے انسٹاگرام پر تین ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے اپنا مؤقف پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ’کچا بادام‘ گانے پر کوئی اعتراض نہیں تھا، بلکہ ان کے تحفظات سیکیورٹی انتظامات اور ذاتی حدود کا خیال نہ رکھنے سے متعلق تھے۔

اداکارہ کے مطابق ہوٹل کے کمرے کی ڈور بیل بار بار بجائی جاتی رہی اور متعدد افراد تصاویر بنوانے کے لیے ان کے کمرے میں داخل ہوتے رہے۔ یوں تقریب میں مختصر پرفارمنس کے معاملے پر منتظمین کے الزامات اور اداکارہ کے مؤقف کے بعد تنازع شدت اختیار کرگیا ہے۔ تاہم قانونی نوٹس میں کیے گئے دعوؤں اور واقعے کی دیگر تفصیلات کا حتمی تعین متعلقہ کارروائی کے بعد ہی ہوسکے گا۔

مزید خبریں

Back to top button