وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات انا کا مسئلہ نہیں، قومی معاملہ ہے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کے درمیان ملاقات انا اور ضد کا معاملہ نہیں بلکہ ایک اہم قومی مسئلہ ہے، جس کے لیے سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے محمود خان اچکزئی کے تازہ بیان پر ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ اچکزئی نے آج کہا ہے کہ وہ وزیراعظم ہاؤس صرف دعوت دینے جائیں گے، ملاقات نہیں کریں گے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے معاملات میں یہ کہنا کہ کوئی یہاں آئے یا وہاں جائے، زیادہ اہمیت نہیں رکھتا۔ اس طرح کے مطالبات سے مختلف تاثرات جنم لیتے ہیں، جو سینئر سیاستدانوں کے حوالے سے مناسب نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے قائد حزب اختلاف سے وزیراعظم شہباز شریف کے خط کا جواب دینے اور ان سے ملاقات کرنے کی گزارش کی ہے۔ ان کے مطابق یہ ملاقات آئینی معاملات پر پیش رفت کے لیے اہم ہے۔

وزیراعظم کے مشیر نے واضح کیا کہ وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے درمیان ملاقات آئینی ذمہ داریوں کے تحت ہونی چاہیے اور حکومت اس مقصد کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات ہونے پر الیکشن کمیشن کے عہدوں پر تقرریوں سمیت اہم آئینی امور زیر بحث آئیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button