لوئر دیر میں خسرہ کی وبا پھیل گئی، 5 بچے جاں بحق، متعدد زیرِ علاج

لوئر دیر(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر کے دو دور افتادہ علاقوں غوڑاہ بانڈہ اور خوڑ بانڈہ میں خسرہ کی وبا پھیلنے سے 5 بچے جاں بحق ہوگئے، جبکہ متعدد دیگر بچے بھی بیماری سے متاثر ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق متاثرہ علاقوں میں خسرہ کے باعث بچوں کی اموات کے بعد صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے۔ بیماری سے متاثرہ متعدد بچے علاج کی غرض سے مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

حکام کے مطابق صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لوئر دیر بشارت احمد اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا اور جاں بحق بچوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں ویکسینیشن کا عمل شروع کر دیا ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کو خسرہ سمیت دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لازمی لگوائیں اور محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ وبا پر قابو پایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button