ایران کی امریکا اور اسرائیل کو وارننگ، حملے کی صورت میں خلیج کی زیرِ سمندر مواصلاتی کیبلز کو نشانے بنانے کی دھمکی

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے دوبارہ حملوں کی صورت میں ایران نے خلیج میں زیرِ سمندر بچھائی گئی مواصلاتی کیبلز کو نشانہ بنانے کے تفصیلی منصوبے تیار کر رکھے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی حکام کے یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب تہران کی جانب سے پہلے بھی خبردار کیا جا چکا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ سفارتی کوششیں ناکام ہونے اور خطے میں نیا تنازع شروع ہونے کی صورت میں زیرِ سمندر مواصلاتی کیبلز ممکنہ اہداف میں شامل ہو سکتی ہیں۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کرنے والے دو ایرانی حکام نے ممکنہ حملوں کے طریقہ کار یا ان کے لیے مخصوص مقامات سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

ایک ایرانی اہلکار کے مطابق مبینہ منصوبے کا مقصد حملے کے بعد مواصلاتی کیبلز کی مرمت میں رکاوٹیں پیدا کرنا ہوگا، تاکہ انٹرنیٹ کنکشنز اور دیگر مواصلاتی نظام میں پیدا ہونے والا تعطل طویل عرصے تک برقرار رہ سکے۔

زیرِ سمندر مواصلاتی کیبلز عالمی انٹرنیٹ ٹریفک اور ڈیجیٹل رابطوں کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ان کیبلز کو نقصان پہنچنے کی صورت میں مختلف ممالک کے درمیان انٹرنیٹ اور ڈیٹا کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔

تاہم ایرانی حکام کی جانب سے بیان کردہ منصوبوں اور ممکنہ اہداف کے بارے میں مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔

مزید خبریں

Back to top button