PCB کا ہانگ کانگ سکسز کی طرز پر منفرد ٹورنامنٹ کرانے کا فیصلہ

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی انتظامیہ آف سیزن میں چھ کھلاڑیوں پر مشتمل نیا کرکٹ ٹورنامنٹ متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس کا مقصد لیگ کو سال بھر متحرک رکھنا اور آمدن کے نئے ذرائع پیدا کرنا ہے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کرکٹ سیزن کے درمیان وقفے میں چھ کھلاڑیوں پر مشتمل ٹورنامنٹ منعقد کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
سلمان نصیر کے مطابق اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس کئی دلچسپ منصوبے زیر غور ہیں، جن میں پی ایس ایل سکسز بھی شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مجوزہ ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم چھ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی اور اسے پی ایس ایل سکسز کا نام دیا جا سکتا ہے۔ اس ایونٹ کے انعقاد کے لیے آف سیزن کی مدت زیر غور ہے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ اگر اس ٹورنامنٹ کو باقاعدگی سے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو یہ کرکٹ شائقین کے لیے ایک دلچسپ، تفریحی اور سنسنی خیز مقابلہ ثابت ہو سکتا ہے۔
تاہم پی ایس ایل سکسز کے انعقاد، شیڈول اور دیگر تفصیلات سے متعلق حتمی اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔



