کچے کے قریب زمین کے تنازع پر فائرنگ، 4 افراد جاں بحق، 3 زخمی

کنڈیارو(جانوڈاٹ پی کے) کنڈیارو کے قریب کچے کے علاقے میں زمین کے تنازع پر کلہوڑا برادری کے دو فریقین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ پپری تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں زمین کے تنازع پر دونوں فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر بھاری نفری جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہے۔ علاقے میں صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔



